+ -

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضي الله عنه قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
«خَيْرُ صُفُوفِ الرِّجَالِ أَوَّلُهَا، وَشَرُّهَا آخِرُهَا، وَخَيْرُ صُفُوفِ النِّسَاءِ آخِرُهَا، وَشَرُّهَا أَوَّلُهَا».

[صحيح] - [رواه مسلم] - [صحيح مسلم: 440]
المزيــد ...

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:
"مردوں کی بہترین صف ان کی پہلی صف ہے اور بدترین صف ان کی آخری صف ہے۔ جب کہ خواتین کی بہترین صف ان کی آخری صف ہے اور بدترین صف ان کی پہلی صف ہے"۔

[صحیح] - [اسے امام مسلم نے روایت کیا ہے۔] - [صحيح مسلم - 440]

شرح

اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے بتایا کہ نماز میں مردوں کی سب سے بہتر، زیادہ ثواب کی حامل اور فضیلت والی صف پہلی صف ہے۔ کیوں کہ پہلی صف میں کھڑے لوگ امام سے قریب ہوتے ہیں، آسانی سے اس کی قراءت سن سکتے ہيں اور عورتوں سے دور ہوتے ہيں۔ جب کہ مردوں کی سب سے بری، کم ثواب، کم فضیلت والی اور شرعی مقاصد سے سب سے دوری والی صف آخری صف ہے۔ اس کے برخلاف عورتوں کی سب سے بہتر صف آخری صف ہے۔ کیوں کہ یہ ان کے حق میں زیادہ پردے کی حامل، مرد وزن کے اختلاط، ان کے دیدار اور ان کے فتنہ سے زیادہ دور ہے۔ جب کہ ان کی سب سے بری صف پہلی صف ہے، جو مردوں سے قریب ہوتی ہے اور اس میں فتنے کے امکانات بھی رہتے ہيں۔

حدیث کے کچھ فوائد

  1. اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے مردوں کو نیکی کے کاموں میں اور نماز کی پہلی صفوں میں جگہ پانے کے لیے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی ترغیب دی ہے۔
  2. خواتین کے لیے مسجد میں مردوں کے ساتھ علاحدہ صفوں میں نماز پڑھنا جائز ہے۔ لیکن پردہ، حجاب اور حیا کے ساتھ۔
  3. عورتیں اگر مسجد میں یکجا ہوں، تو منتشر رہنے کے بجائے وہ بھی مردوں کی طرح ہی صف بندی کریں گی۔ مردوں ہی کی طرح مل کر کھڑی ہوں گی اور خالی جگہوں کو بھر دیا کریں گی۔
  4. شریعت نے عورتوں کو مردوں سے الگ رکھنے کی ترغیب پوری شدت کے ساتھ دی ہے۔ حتی کہ عبادت کی جگہوں میں بھی۔
  5. اعمال کے مطابق لوگوں کے الگ الگ درجات ہوا کرتے ہیں۔
  6. نووی کہتے ہیں: جہاں تک مردوں کی صفوں کی بات ہے، تو علی الاطلاق ان کی پہلی صف سب سے اچھی صف اور آخری صف سب سے بری صف ہوا کرتی ہے۔ لیکن جہاں تک عورتوں کی بات ہے، تو اس حدیث کی روشنی میں عورتیں جب مردوں کے ساتھ نماز پڑھ رہی ہوں، تو ان کی سب سے بری صف پہلی صف اور سب سے اچھی صف اخری صف ہے۔ لیکن جب ان کی الگ جماعت ہو رہی ہو، تو وہ مردوں ہی کی طرح ہیں۔ ان کی سب سے بہتر صف پہلی صف اور سب سے بری صف آخری صف ہوگی۔
  7. نووی کہتے ہیں: قابل ستائش پہلی صف، جس کی فضیلت اور جس میں کھڑے ہونے کی ترغیب سے متعلق حدیثیں آئی ہيں، وہ صف ہے جو امام کے ٹھیک بعد ہو۔ خواہ اس میں کھڑا ہونے والا شخص پہلے آئے یا بعد میں۔ خواہ درمیان میں کوئی دیوار وغیرہ حائل ہو یا نہ ہو۔
ترجمہ: انگریزی زبان اسپینی انڈونیشیائی زبان بنگالی زبان فرانسیسی زبان ترکی زبان روسی زبان بوسنیائی زبان سنہالی ہندوستانی چینی زبان فارسی زبان ویتنامی تجالوج کردی ہاؤسا پرتگالی مليالم تلگو سواحلی تھائی پشتو آسامی السويدية الأمهرية الهولندية الغوجاراتية ภาษาคีร์กีซ النيبالية الليتوانية الصربية الرومانية المجرية التشيكية الموري ภาษามาลากาซี الجورجية المقدونية
ترجمہ دیکھیں
مزید ۔ ۔ ۔