عن أنس رضي الله عنه مرفوعاً: «إن هذه المساجد لا تَصْلُحُ لشيء من هذا البَول ولا القَذَر، إنما هي لِذِكْر الله عز وجل، والصلاة، وقراءة القرآن» أو كما قال رسول الله صلى الله عليه وسلم .
[صحيح] - [رواه مسلم]
المزيــد ...
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”مسجد وں میں پیشاب اور نجاست مناسب نہیں ہیں۔ یہ تو اللہ عز وجل کے ذکر، نماز اور قرآن پڑھنے كے لئے بنائی گئی ہیں“۔ یا جیسے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔
[صحیح] - [اسے امام مسلم نے روایت کیا ہے۔]
اس حدیث کے پیچھے ایک قصہ ہے جسے انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا، وہ کہتے ہیں کہ ’’ ہم لوگ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مسجد میں تھے۔ اسی دوران ایک اعرابی آیا اور اس نے اٹھ کر مسجد ہی میں پیشاب کرنا شروع کر دیا۔ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ نے اسے منع کرنے کے لیے اسے آوازیں دیں کہ: نہ، نہ۔ ایک اور روایت میں ہے کہ انھوں نے اسے جھڑکا۔ اس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ: اس کا پیشاب نہ روکو، اسے کرنے دو۔ اس پر انھوں نے اسے چھوڑ دیا یہاں تک کہ اس نے پیشاب کر لیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے اسے بلایا اور فرمایا: ان مساجد میں پیشاب اور گندگی کرنا مناسب نہیں۔۔۔۔۔ نبی ﷺ نے وضاحت فرمائی کہ مساجد میں گندگی اور نجاست پھیلانا جیسے قضائے حاجت کرنا، کوڑا کچرا پھینکنا اور آوازیں بلند کرنا مناسب نہیں بلکہ یہ تو نماز، قرآن اور ذکر کے لیے بنائی گئی ہیں۔ چنانچہ مومن مسلمان پر لازم ہے کہ وہ مساجد کا احترام کرے۔ یہاں انتہائی ادب کے ساتھ رہے کیوں کہ مساجد اللہ کے گھر ہیں۔